کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی صوبے بھر میں اعلان کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول پر حکم امتناعی کی درخواست کو مسترد کردیا ،
سندھ میں عدالت عالیہ نے انتخابی شیڈول سے متعلق نوٹیفکیشن معطل کرنے کی تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کو آئندہ سماعت پر بہر صورت جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جمعہ کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے تحریک انصاف اور جی ڈی اے کی درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت جب تک تحریری جواب جمع نہیں کراتے بلدیاتی الیکشن کی تاریخ والے نوٹیفکیشن کو معطل کیا جائے جس پر چیف جسٹس سندھ نے ریمارکس دیئے سوری، ہم بلدیاتی انتخابات نہیں روک سکتے۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ اس طرح ہم انتخابات کیسے روک سکتے ہیں جب کہ بلدیاتی الیکیشن کرانے کا سپریم کورٹ کا حکم نامہ بھی موجود ہے۔ جس پر جی ڈی اے کے وکیل نے دلیل دی کہ سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے قانون میں ترامیم کا حکم بھی دیا تھا جس کے بغیر بلدیاتی انتخابات سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہوں گے۔
جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن محکموں کے قوانین میں ترمیم کا حکم دیا گیا تھا وہ بلدیاتی انتخابات کے بعد بھی ہوسکتا ہے۔ جی ڈی اے کے وکیل نے موقف دیا کہ بلدیاتی انتخابات اگر ہوگئے تو کس قانون کے تحت ہوں گے؟۔عدالت نے تحریری جواب جمع نہ کرانے پر صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن پر برہمی کا اظہار بھی کیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ نوٹس کی کاپی تاخیر سے ملی اس لیے جواب تیار نہیں ہوسکا۔کیس کی آئندہ سماعت 24 مئی کو ہوگی۔