سیاسی رہنماؤں کیخلاف کیس واپس نہیں لیا گیا، ترجمان ایف آئی اے


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی تحقیقاتی ادارے(ایف آئی اے) نے وزیراعظم سمیت لاہور میں سیاسی شخصیات پر درج مقدمات واپس لینے یا ختم کرنے کی تردید کردی۔ایف آئی اے نے وضاحت کی  ہے کہ ایک جماعت کے سیاسی رہنماؤں کیخلاف کیس واپس نہیں لیا گیا، عدالت میں کارروائی جاری ہے، سماعت کی اگلی تاریخ 14مئی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مقدمہ واپس لینے سے متعلق جعلی خبر گردش کر رہی ہے، جعلی خبر پھیلانے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ درحقیقت 11 اپریل کو کیس پراسیکیوٹر نے پراسیکیوٹر کی تبدیلی کی درخواست جمع کروائی، درخواست جمع ہوتے وقت نئے وزیراعظم نے حلف نہیں اٹھایا تھا۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ رائیطاہر کو 22 اپریل کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کیا گیا، یہ معاملہ رائے طاہر کے ایف آئی اے میں آنے سے پہلے کے وقت سے متعلق ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ پراسیکیوٹر کی تبدیلی معمول کی بات ہے، پچھلی حکومت کے دور میں بھی اسی کیس میں کئی بار پراسیکیوٹر تبدیل کیے گئے۔ لہذا کیس ختم کرنے کے معاملے پر جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں، ایسے عناصر کے خلاف ایف آئی اے قانونی کارروائی کرسکتا ہے۔