جمعیت کے سابق ناظم اعلی حمزہ صدیقی نے جماعت اسلامی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا


کراچی(صباح نیوز)اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے سابق ناظم اعلیٰ حمزہ محمد صدیقی نے جماعت اسلامی کی رکنیت کا حلف اٹھالیا،جماعت اسلامی ضلع شرقی کے 19 نئے ارکان کی تقریب حلف برداری دفتر جماعت اسلامی ضلع شرقی میں ہوئی۔ حلف اٹھانے والوں میں جمعیت طلبہ کے سابق ناظمین کراچی عمر احمد خان محمد حسن سلیم سابق معتمدِ کراچی ملک انیق تابش دو پی ایچ ڈی اسکالرز ڈاکٹر افضل رضوی ڈاکٹر ارشد کمال شامل تھے۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی اور مرکزی شوری کے رکن سید شاہد ہاشمی قیم ضلع ڈاکٹر فواد احمد۔ نائب امرا انجنیئر عزیز الدین ظفر سید علی محمد نعیم اختر سید افتخار احمد اور دیگرذمہ داران موجود تھے۔ سید شاہد ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے نئے ارکان کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سید مودودی کا برین چائلڈ ہے ۔ جماعت اسلامی کا نصب العین اقامت دین اور اللہ کی رضا کا حصول ہے۔ مولانا مودودی نے اجتہاد کیا اور اپنے ہاتھ پر بیعت لینے کے بجائے دستور جماعت پر حلف لینے کی مثال قائم کی جسے دیگر اسلامی تحریکوں نے بھی فالو کیا۔

انہوں نے کہا دیگر فتنوں کی طرح دولت بھی ایک فتنہ ہے ۔رزق آپ کو وہی ملے گا جو آپ کے نصیب میں ہے اس لیے رزق کو الودہ نہ ہونے دیں ۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی تحریک اس دور میں اللہ کی بڑی نعمت ہے۔امید ہے نئے ارکان جماعت اسلامی کی قوت اور ساکھ میں اضافے کا سبب بنیں گے۔