نوشہروفیروز (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جے آئی یوتھ کے نوجوانوں کی ذمے داری ہے کہ اپنے ارد گرد تمام نوجوانوں تک اپنی دعوت پہنچائیں اور انہیں منظم کریں، پاکستان کی واحد امید اور ترقی اسلامی نظام میں ہے اور اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ملک بھر کے نوجوانوں کو جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پرجمع کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی کے کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاریاں شروع کریں اور اپنی دعوت عوام الناس تک پہنچائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہروفیروز میں ضلعی شوریٰ اور مقامی ذمہ داران کے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ نوجوانوں کو معاشرے کی ترقی اور سدھار کیلیے آگے بڑھنا ہوگا،کراچی سمیت سندھ کے مسائل کے حل کیلیے جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت واحد آپشن ہے۔سندھ بھر کے نوجوانوں کو منظم کرکے جماعت اسلامی کو صوبے کی نمائندہ جماعت بنانے کیلیے پرعزم ہیں عوام بار بار آزمائے ہوئے سیاستدانوں کی بجائے اب جماعت اسلامی کی صاف شفاف کردار کے مالک دیانتدار قیادت کو خدمت کا موقع دے۔ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی سندھ بھر میں بھرپور حصہ لے گی اس حوالے سے تیاریاں جاری ہیں سابقہ اور موجودہ حکمران ہر محاذپر ناکام ہوچکے ہیں ان سے قومی توقعات بری طرح مجروح ہوئی ہیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہے عوام کو ئی ریلیف میسر نہیں، ملک میں حقیقی تبدیلی صرف اورصرف جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ قوم جماعت اسلامی کے کردار اورکرپشن سے پاک محب وطن قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ قومی سیاست میں اہم کرداراداکیا ہے،ہمارے لوگ مختلف اوقات میں منتخب ہو کر اسمبلیوں میں آئے اوراپنا مثبت کرداراداکیا ہے، آج بھی کوئی شخص ان کی کارکردگی پر انگلی نہیں اٹھا سکتا، قوم تمام جماعتوں اور نظام آزماچکی ہے اب جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں۔
اس موقع پر صوبائی نائب امیر ممتاز حسین سہتو ، امیر جماعت اسلامی ضلع نوشہروفیروز محمد شبیر خانزادہ ایڈوکیٹ، سابق امیر ضلع نوشہروفیروز سردار اکبر اجن ایڈوکیٹ، محمد ہاشم لاشاری جنرل سیکرٹری ضلع نوشہرو فیروز اور دیگر مقام کے ذمہ داران موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے ضلع کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا اور بلدیاتی امیدواروں کا اعلان کیا ۔
علاوہ ازیں مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی اسداللہ بھٹو،سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ، صوبائی جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا نے پیپلزپارٹی سندھ کے رہنماء اور سابق رکن سندھ اسمبلی انور مہر کے انتقال پر گھرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔