سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں،عمران اسماعیل


کراچی (صباح نیوز) سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں۔انہوں نے وفاقی وزیر آبپاشی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے بیان میںکہا کہ وفاقی وزیر آبپاشی سندھ کے پانی سے وڈیروں کی زمینیں آباد کر رہے ہیں اور سندھ میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے زمینیں ہڑپنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کا آدھے سے زیادہ رقبے پر حکمران جماعت کے سربراہ قبضہ کر چکے ہیں اور چھوٹے کاشت کاروں کا پانی بند کر کے ان کی زمینیں بنجر بنائی جا رہی ہیں۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ بتایا جائے سندھ کے حکمرانوں کے نام سے غیرقانونی نہریں کس دور میں بنیں ؟ پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وڈیروں کی زمینیں آباد ہیں کیونکہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے والے سندھ کے ہی حکمران ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے گلے آج کیوں بند ہو گئے جبکہ سندھ کی عوام اور سندھ کے خلاف ہر سازش کی زمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔