سکھر(صباح نیوز) سندھ کے سکھر، گڈو، کوٹری بیراجوں کو پانی کی بدستور قلت کا سامنا ہے۔
ایک بیان میں انچارج کنٹرول روم نے کہا کہ ارسا کی جانب سے 30 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا، پانی گڈو بیراج پہنچنا شروع ہوگیا ۔
انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں 3 ہزار کیوسک سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی کمی 48 فیصد سے بڑھ کر 50 فیصد تک ہوگئی ۔
انہوں نے کہا کہ سکھر بیراج سے نکلنے والی کیرتھر کینال میں صرف پینے کا پانی چھوڑا جارہا ہے جبکہ رائس اور دادو کینال تاحال بند ہیں۔
انچارج کنٹرول روم نے کہا کہ گڈو بیراج کے کینالز گھوٹکی پٹ فیڈر، بیگاری اور رینی کینال بند ہیں، آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں سکھر بیراج پر بھی پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ہے۔