شہدا جموں و کشمیر کا مقدس لہو ضائع نہیں ہوگا، سید صلاح الدین


مظفر آباد(صباح نیوز)ا امیر حزب المجاھدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے 6 مئی کے شہداء کو خرا ج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا جموں و کشمیر کا مقدس لہو ضائع نہیں ہوگا، ظالم اور جابر قوتیں انشا اللہ ناکام و نامراد ہی ثابت ہونگی۔

ان خیالات کا اظہار امیر حزب المجاھدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے حزب آپریشنل چیف عبد الرشید شاردار المعروف غازی شہاب الدین،ریاض احمد نائیکو عرف محمد بن قاسم،پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ،کمانڈر صدام پڈر اور دیگر شہدائے کرام  کی یاد میں بلائی گئی ایک خصوصی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوں نے عبدالرشید شاردار المعروف غازی شہاب الدین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف عسکری امور کے ماہر تھے بلکہ روحانی دنیا کے بھی شہسوار تھے۔انتہائی باصلاحیت قائد اور عالم دین غازی شہاب الدین 6مئی2004کو دشمن دین اور قابض فورسز کے ہاتھوں شہادت سے سرفراز ہوکر،حقیقی کامیابی سے ہمکنار ہوگئے۔

سید صلاح الدین نے اپنے خطاب میں ریاض احمد نائیکو  اور ان کے ایک ساتھی عادل احمد جو 6 مئی 2020کو 5 گھنٹوں تک بھارتی قابض فورسز کے ساتھ جاری رہنے والی طویل جھڑپ میں شہید ہوئے کو بھی زبردست خراج عقیدت ادا کیا اور کہا کہ شہید ہونے سے قبل ریاض احمد نائیکو 9 سال تک قابض فورسز کے خلاف میدانِ جہاد میں سرگرم رہے۔اعلی تعلیم یافتہ ریاض نائیکو 33 سال کی عمر میں بندوق اٹھانے سے قبل پینٹنگ (مصوری) کا شوق بھی رکھتے تھے اور ریاضی کے استاد بھی تھے۔

سید صلاح الدین نے کہا کہ وہ  2سال بھارتی زندانوں اور اذیت خانوں میں بھی بھارتی ظلم وتشدد برداشت کرتے رہے لیکن آزادی کی جدوجہد چھوڑنے کیلئے تیار نہ ہوئے۔ امیر حزب نے صدام پڈر شہید، بلال مولوی شہید، توصیف احمد شہید، عادل بھائی شہید، پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ شہیدکو بھی زبردست خراج عقیدت اداکیا جنہوں نے 6 مئی 2018کو دھرتی کی آزادی اور غلبہ اسلام کیلئے اپنا مقدس لہو نچھاور کیا,اس روز 6عام شہری بھی بھارتی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے۔

حزب سربراہ نے کہا یہ مجاہدین کرام اسلام کے شیدائی اور سچے عاشق رسول ۖ تھے۔ قرآن پاک کو دستور حیات سمجھتے ہوے اسلام کی سربلندی اور ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے انتہائی صبر آزما جدوجہد کرتے رہے۔۔  تقریب کے آخر میں آخر میں حزب سربراہ نے غازی شہاب الدین کمانڈر ریاض نائیکو،شہید عادل احمد شہید، بلال مولوی شہید، توصیف احمد شہید، عادل بھائی شہید، پروفیسر ڈاکٹر رفیع بٹ شہید اور ہفتہ رفتہ اور جملہ شہدا کی بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی۔اور اِس عزم کو دہرایا کہ حصولِ مقصد تک جدوجہد کو جاری رکھا جائیگا۔