مقبوضہ کشمیرمیں عید کے موقع پر بھی نوجوانوں کے خلاف فوجی کریک ڈاؤن جاری


سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام پر منائے جانے والے مسلمانوں کے تہوار عیدالفطر کے موقع پر بھی اپنا تلاشی آپریشن اور کریک ڈاون جاری رکھا ، سرینگر اور کولگام اضلاع سے تین نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک نوجوان کو جس کی شناخت گڈیہامہ کولگام کے یامین یوسف بٹ کے نام سے ہوئی ہے، کولگام پولیس اور بھارتی فوج نے گرفتار کر لیا۔پولیس نے سرینگر شہر کے مضافات میں نوگام علاقے سے ایک اور نوجوان کو گرفتار کیاہے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت مانچھوا بڈگام کے شاہد گلزار کے نام سے ہوئی ہے جسے بھارتی فوج اورپولیس نے گرفتار کیا ہے۔اس سے قبل پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام سے ایک تیسرے نوجوان کو گرفتار کیا ۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں نوجوانوں کوہائبرڈ عسکریت پسند قرار دینے کے بعد گرفتار کیا گیاہے، یہ اصطلاح مودی حکومت نے خاص طور پر کشمیری نوجوانوں کے لیے وضع کی ہے تاکہ ان کی گرفتاری کا جواز پیش کیا جاسکے