حکومت اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کا تعین کرے،ثمینہ احسان، نصرت ناہید


اسلام آباد (صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ  ثمینہ  احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے کہا ہے کہ مزدور کسی بھی نوعیت کا کام کریں،ملک کی تعمیر میں اپنا خون اور پسینہ شامل کرتے ہیں تو ہی ہماری ضروریات بہم پہنچتی ہیں۔یہ طبقہ بہت قابل عزت و احترام ہے لیکن افسوس ہے کہ عزت و احترام تو درکنار کام کی اجرت بھی پوری نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ  ثمینہ  احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ٹھیکدار کی مرضی ہے کہ وہ کسی مزدور کو کتنی اجرت دے۔سارے دن کی محنت کے بعد بھی وہ شام کو گھر لوٹتے ہوئے خالی ہاتھ آئے یا چند پیسے ملیں جس سے دو وقت کا کھانا پورا ہو یا نہ ہو،اس سارے ستم پر داد رسی کرنے والا کوئی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس استحصالی نظام کے اندر سب سے زیادہ پسنے والا طبقہ مزدوروں کا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کا تعین کرے اور دوران کام کسی حادثے کی صورت میں ان کے علاج معالجے کے خرچ کے ساتھ ان کے اہل خانہ کی ضروریات پوری کرنے کا بندوبست کرے۔ثمینہ احسان نے کہا کہ حکومت کو چاییے کہ مہنگاہی کے اس طوفان میں مزدور طبقے کو کم ازکم بنیادی ضروریات پر سبسڈی ضرور دی جائے