احساس راشن پروگرام عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی کوشش ہے،ثانیہ نشتر


  حسن ابدال(صباح نیوز)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن پروگرام عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی کوشش ہے ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے حسن ابدال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ چیئرمین شکایات سیل وزیر اعلیٰ پنجاب اکبر خان تنولی،اسسٹنٹ کمشنر زنیرہ جلیل اور متعلقہ افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن پروگرام عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی کوشش ہے جس کا دائرہ کار مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔رجسٹرڈ خاندان کو 1 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔اب تک 40ملین درخواستیں آ چکی ہیں جبکہ 1ملین افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کو ریلیف مہیا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔احسان راشن پروگرام کے ذریعے رجسٹرڈ خاندان کو اشیا ضروریہ کی خریداری پر 1ہزار روپے ماہانہ سبسڈی کی صورت میں ریلیف مہیا کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ کریانہ کے دکاندار رجسٹرڈ ہو کر اس پروگرام کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔ہماری کوشش ہے کہ اس کے دائرہ کار کو مستقبل میں بڑھایا جا سکے اور اس میں پیٹرول اور کھاد جیسی اشیا ضررویہ کو بھی شامل کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اس پروگرام کے بارے میں آگاہ کرنے میں میڈیا بہتر کام کر سکتا ہے۔ رجسٹریشن کے لیے موبائل سم اپنے شناختی کارڈ پر ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کریانہ سٹور میں موجود صارفین سے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی جبکہ کریانہ سٹور مالکان کو احسا س راشن پروگرام کی ایپ کے حوالے سے آگاہی دی۔مختصر قیام کے بعد وہ پشاور کے لیے روانہ ہو گئیں۔