سپیکرپرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 مئی تک ملتوی کردیا


لاہور (صباح نیوز)سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے جمعرات کے روز ہونے والا پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16مئی تک ملتوی کردیا۔

گزشتہ روز اسمبلی اجلاس میں ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی میر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد پرپیش ہونا تھی اور اس پر خفیہ ووٹنگ ہونا تھی۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے  40ویں اجلاس کی اگلی نشست 16مئی 2022کو دن 11:30پر منعقد ہو گی۔اور اسپیکر آفس کی جانب سے اجلاس 16 مئی تک ملتوی  کیے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

اسپیکر نے فوری طور پر اجلاس ملتوی کیے جانے کی وجہ نہیں بتائی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے یہ اجلاس امن و امان کی صورتحال  کے پیش نظر ملتوی کیا ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی نہیں بلکہ اسے 16مئی تک ملتوی کیا گیا۔

اسمبلی کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں پرویز الہی کاکہنا تھا کہ شریفوں نے اپنا اصل چہرہ دکھادیا ہے، (ن)لیگ آئی جی پنجاب کو استعمال کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ میرا اختیار اور صوابدید ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس کب بلایا جائے۔واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمعرات کو پیش کی جانی تھی۔