اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی خبر غلط ہے۔
سینیٹ میں توجہ دلائونوٹس پر انہوں نے کہا کہ 70 فیصد گیس ملک میں پیدا ہوتی ہے اور تیس فیصد امپورٹڈ گیس ہے، پاکستان میں 2019 سے گیس کی قیمتیں بالکل نہیں بڑھی ہیں، سندھ 38 فیصد، بلوچستان 40 فیصد، کے پی 12 اور پنجاب 9 فیصد گیس فراہم کرتا ہے، ایل این جی کا ٹینڈر چار ماہ پہلے کیا جاتا ہے، پاکستان کی تاریخ کا ایل این جی کا سب سے سستا کنٹریکٹ ہماری حکومت نے کیا۔
ہفتے میں تین دن گیس فراہمی کی خبر غلط ہے، بلکہ ہم نے دن میں تین مرتبہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنانے کا کہا ہے، آج پاکستان میں 28 فیصد گھرانوں کوگیس ملتی ہے، 70 فیصد سے زائد گھرانوں کو گیس کی فراہمی نہیں ہو پاتی، گیس بحران کا تعلق ایل این جی سے نہیں ہے۔