عمران خان اپنی کرسی بچانے کے لیے غیر جمہوری ہتھکنڈوں پر اتر آئے ،جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے عاقبت نا اندیش فیصلوں کی وجہ سے ملک میں آئینی بحران کا خطرہ ہے۔ وہ اپنی کرسی بچانے کی خاطر قوم کو گمراہ، اداروں میں تصادم اور عالمی سطح پر پاکستان کے وقار کو نقصان پہنچانے سے بھی گریز نہیں کررہے۔غیر جمہوری ہتھکنڈے نا قابل برداشت ہیں۔عالمی سازش کے انکشاف پر تین ہفتوں کی خاموشی معنی خیز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں نئے انتخابات کرائے جائیں۔موجودہ بحرانی کیفیت کا واحد حل نئے انتخابات ہی ہیں، اس سے راہ فرار اختیار نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ہر دور حکومت میں پاکستان کو دھمکیاں دی جاتی رہی ہیں۔ قوم کو مشتعل کرنا اور ووٹنگ کے دن ایک لاکھ کارکنوں کو اسلام آباد لانے کا اعلان تشویشناک اقدام ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کی پاسداری کے دعویدار بے نقاب ہوچکے ہیں۔ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف نے جو بویاہے وہی کاٹ رہے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف دور حکومت میں 11لاکھ افراد پاکستان کو خیر باد کہہ کر دوسرے ممالک چلے گئے۔ عوام سے جتنے بھی وعدے کیے تھے، ان میں سے ایک پر بھی عملد رآمد نہیں ہوا۔ ایک طرف تحریک انصاف نے ملک و قوم کو شدید مایوس کیا ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی بھی اقتدار کے حصول کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی عوام کے مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔