بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں، محمود خان


پشاور(صباح نیوز) وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ صوبے کے باشعور عوام نے اس دفعہ بھی لٹیروں کو مسترد کر دیا، بلدیاتی انتخابات کے نتائج 2023 کے عام انتخابات کا ٹریلر ہیں۔ وزیراعلی محمود خان نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی شاندار کامیابی پرکارکنان اور امیدواروں کو مبارک باد دی۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے انتخابات میں پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کرنے پر صوبے کے عوام کا مشکور ہوں، دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کی کامیابی حق و سچ کی جیت ہے، نتائج نے ثابت کر دیا صوبے کے عوام ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ ہیں، انتخابات کے نتائج اپوزیشن والوں کے لئے بڑا سبق ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں واضح برتری حاصل کی ہے، عوام نے وزیراعظم اور وزیراعلی کی قیادت پر اعتماد کیا ہے، آج تاریخی دن ہے خیبرپختونخوا اب بھی تحریک انصاف کا ہے، مکمل نتائج کے بعد زیادہ نشستیں اور ووٹ تحریک انصاف کے ہونگے، وزیراعلی نے صاف شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کا وعدہ پورا کیا، ضم اضلاع میں تاریخ میں پہلی بار بلدیاتی انتخابات ہوئے۔