اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آبادکی احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس کیس میں بریت کی درخواستوں پر فیصلہ پھر موخر کر دیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی جبکہ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی، شریک ملزمان کے وکلا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران جج محمد بشیر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے متعلقہ ریکارڈ واپس عدالت آگیا۔ریفرنس میں شریک ملزمان کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ نہ سنانے کی استدعا کی گئی۔ا
یڈووکیٹ قاضی مصباح نے کہا کہ عدالت تمام دلائل کو ایک بار ری فریش کرنے کی اجازت دے جبکہ نیب کے پراسیکیوٹر افضل قریشی نے کہا کہ اس کی ضرورت نہیں، سب چیزیں عدالت کے سامنے آ چکی ہیں۔
جج محمد بشیر نے کہا کہ قانون کے تحت ملزمان کے وکلا کو یہ حق حاصل ہے۔احتساب عدالت نے شریک ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر فیصلہ پھر موخرکرتے ہوئے سماعت مزید کارروائی کیلئے 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔
شریک ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت ریفرنس کو دوبارہ چیلنج کر رکھا ہے۔