منڈی سجی ہے، پاکستان کی سیاست اور سیاست دان کھل کر سامنے آ گئے،راشد نسیم


کراچی(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ منڈی سجی ہوئی ہے، پاکستان کی سیاست اور سیاست دان کھل کر سامنے آ گئے۔ ملک اس وقت عہدہ پرستوں کے ہاتھ میں ہے۔ وطن عزیز کے زوال کا اسباب یہی دنیا پرست اور منصب پرست لوگ ہیں۔ پاکستان کی تمام پارٹیاں ہر قیمت پر اقتدار سے چمٹا رہنا چاہتی ہیں۔ چاہے وہ پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی ، ایم کیو ایم یا ق لیگ ہو۔ سیاسی حمام میں سب کی ایک ہی کیفیت ہے۔ ملک کی معیشت کے زوال کی وجوہات بھی یہی حکمران اشرافیہ ہیں۔ قوم کو سمجھ لینا چاہیے کہ حکمران ملک کے مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، یہ صرف مفادات کی جنگ ہے اور ایسے لوگ عہدوں کے غلام ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی کے ضلع شرقی، غربی میں تربیتی نشستوں اور استقبال رمضان کے پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر امیر ضلع شرقی سید شاہد ہاشمی، امیر ضلع غربی مدثر انصاری، سیف الدین بھی موجود تھے۔

راشد نسیم نے کہا کہ ظالم اشرافیہ پاکستان کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہیں۔ ملک کے مسائل کے حل میں بڑی رکاوٹ یہی اشرافیہ ہے، قوم ان کو پہچانے۔ایسے ظالم حکمرانوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ جماعت اسلامی کا ماضی، حال اور مستقبل سب کے سامنے ہیں۔ جماعت اسلامی کے افراد ٹکوں اور عہدوں پر قربان ہونے والے نہیں ہیں۔ ہمارے پاس دیانت دار اور اہل قیادت موجود ہے، قوم اعتماد کرے۔