اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب حکمرانوں کی نیت صاف ہو تو چاہے کتنی ہی بڑی اندرونی یا بیرونی سازش ہو، ناکام ہوتی ہےوہ سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکینِ قومی، صوبائی اسمبلی سندھ اور پارٹی عہدیداران سے گفتگو کررہے تھے جنھو ں نے ان سے ملاقات کی،ملاقات میں وفاقی وزرا علی زیدی، فواد چوہدری اور گورنر سندھ عمران سماعیل بھی شامل تھے
اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کے مشکور ہیں جن کی سازشوں کہ وجہ سے نہ صرف پارٹی بلکہ عوام میں پاکستان تحریکِ انصاف کیلئے مقبولیت اور جوش و جذبے کی نئی لہر پیدا ہوئی انہوں نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی اجتماع، پاکستان تحریکِ انصاف پر عوامی اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے،پاکستان تحریکِ انصاف قومی سطح پر ملک کی واحد گراس روٹ لیول کی جماعت ہے
وزیرِ اعظم نے کہاکہ پیسوں سے عوامی اجتماع نہیں بھرتے، جب قوم ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے نکلتی ہے تو عوامی اجتماع امر بالمعروف جیسے ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ آپ سب میں وہ چہرے نظر آرہے ہیں جنہوں نے پارٹی میں ورکر کے طور شمولیت اختیار کی اور آج ایوانوں میں اپنے حلقوں کی نمائندگی کر رہے ہیں
ملاقات میں شرکا نے وزیرِ اعظم کو پاکستان تحریکِ انصاف کے سندھ حقوق مارچ اور اسلام آباد میں عوامی اجتماع امر بالمعروف کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی، اسکے علاوہ وزیرِ اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا ظہار کرتے ہوئے حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، کامیاب خارجہ پالیسی اور ناموسِ رسالت و اسلاموفوبیا کیلئے وزیرِ اعظم کی عالمی سطح پر کوششوں اور اقوامِ متحدہ میں قرار داد کی منظوری پر خراجِ تحسین پیش کیا،وزیرِ اعظم نے منتخب نمائندوں و پارٹی عہدیداران کو سندھ میں پارٹی تنظیم کو مزید مستحکم کرنے بالخصوص ضلعی سطح پر پارٹی کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایات جاری کیں۔