راولپنڈی(صباح نیوز) او آئی سی کے خصوصی نمائندے برائے جموں وکشمیر نے وفد کے ہمراہ ایل او سی کا دورہ کیا۔ سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ کے سینئر سفارتکاروں نے چڑی کوٹ کے سیکٹر کا دورہ کیا۔
اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سفیر طارق علی بکیت بھی ہمراہ تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کو ایل او سی کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے کچھ ہفتہ قبل رابطے سے پہلے اور بعد کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وفد کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے بریف کیا گیا۔ او آئی سی وفد نے مظفر آباد آمد پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بھی ملاقات کی ۔ وفد آج جمعرات کو مہاجرین کیمپ اور فنی تربیتی مرکز کا بھی دورہ کرے گا۔
بعد میں وفد کی یو این فوجی مبصر گروپ سے بھی ملاقات ہوگی۔ وفد وزیراعظم آزاد کشمیر اور مختلف جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گا۔ او آئی سی وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق پامالیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں بے نقاب ہورہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے جبکہ او آئی سی کے نمائندہ خصوصی نے کہاکہ کشمیر کی صورتحال پر رپورٹ مرتب کرکے عالمی فورم پر پیش کریں گے۔