لڑکا لڑکی تشدد کیس،عثمان مرزا سمیت 5 مجرموں کوعمرقید کی سزا


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ای الیون لڑکے لڑکی جنسی تشدد کیس میں مرکزی مجرم عثمان مرزا سمیت 5 مجرموں کوعمرقید کی سزا سنادی۔

اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے کیس کا محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ مرکزی مجرم عثمان مرزا سمیت 5مجرموں کوعمر قید کی سزا سنا دی گئی جبکہ 2ملزمان کوبری کردیا گیا۔

لڑکا لڑکی جنسی زیادتی کیس میں عثمان مرزا ، ادارس قیوم بٹ ، محب خان بنگش ، حافظ عطا الرحمن ،فرحان شاہین کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ ملزم عمر بلال مروت اور ریحان حسین کو بری کردیا گیا۔مقدمے کا ٹرائل ساڑھے 5 ماہ تک چلتا رہا ہے

مقدمے میں 21 گواہان پر وکلا نے جرح کی، جبکہ متاثرہ جوڑا 11 جنوری کو اپنے بیان سے منحرف ہوچکا تھا۔مقدمے میں ایف آئی اے کی خاتون سمیت تین اہلکار بطور گواہ شامل ہیں، 6 جولائی کو سیکٹر ای الیون میں لڑکا لڑکی کی ویڈیو وائرل ہونے پر تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔