خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائی، استعمال شدہ خوردنی تیل برآمد


پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے پھندو روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے   بھاری مقدار میں  مضرصحت خوردنی تیل برآمد کرلیا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق خوردنی تیل کو دوبارہ استعمال میں لانے کے لئے یونٹ میں فلٹر کیا جارہا تھا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی حکام نے بتایا کہ فلٹریشن کے بعد استعمال شدہ خوردنی تیل کو پکوڑا شاپس، مصالحہ جات اور دیگر کاروباروں کو سپلائی کیا جاتا تھا جبکہ اس تیل کو صابن انڈسٹری کے نام پر یونٹ میں لایا جاتا تھا۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی  نے کہا  کہ چھاپے کے دوران یونٹ سے 3 ہزار لیٹر سے زائد مضر صحت خوردنی تیل برآمد کر کے یونٹ سیل کردیا گیا۔

ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے کہا کہ شہریوں تک معیاری گھی اور خوردنی تیل کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، شہری غیر معیاری اور مضر صحت کاروباروں سے متعلق اپنی شکایات فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ساتھ درج کرائیں۔