پشاور (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے 16محکموں میں 38 ارب روپے سے زائد بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق آڈیٹرجنرل آف پاکستان نے رپورٹ جاری کر دی۔
آڈیٹرجنرل آف پاکستان کی جانب سے سال 2018-19 کی جاری کردہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق صوبے میں 16 مختلف محکموں میں مجموعی طور پر 38 ارب 10 کروڑ 55 لاکھ روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں سامنے آئی ہیں،
آڈٹ رپورٹ کے مطابق 16 محکموں میں کئی اہم امور کا مالی ریکارڈ سرے سے موجود نہیں، صوبائی محکموں میں زراعت، تعمیرات و مواصلات ، تعلیم ، توانائی، ماحولیات ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، صحت، داخلہ، اطلاعات، آبپاشی ، لوکل گورنمنٹ، معدنیات، ترقی و منصوبہ بندی، صحت عامہ شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ بلدیات میں 7 ارب57 کروڑکی اضافی ادائیگیاں جبکہ 2 ارب سے زائد کی ادائیگیاں رولز کے خلاف دی گئیں، کمزورمالیاتی نظام کے باعث 24ارب67 کروڑ 53 لاکھ کی کمزوریاں سامنے آئیں۔
رپورٹ سے مزید پتہ چلا ہے کہ 16محکموں کے پاس3 کروڑ36لاکھ کا ریکارڈ ہی موجود نہیں، 2کروڑ 53 لاکھ کے مالی امورمیں سخت کوتاہیاں کی گئیں،
آڈٹ رپورٹ میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سمیت ریکوری کی سفارش کی گئی ۔