وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی پر 343پولیس اہلکار تعینات ہیں،محکمہ داخلہ


پشاور(صباح نیوز) محکمہ داخلہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی سیکیورٹی کے لئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا نے صوبے کی اعلی شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی تفصیلات اسمبلی میں پیش کردی ، جس میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی صرف سیکیورٹی پر سالانہ ایک ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہورہے ہیں۔

محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی سیکیورٹی کے لئے 343 پولیس اہلکار تعینات ہیں، اور ان کی سیکیورٹی پر ماہانہ ایک کروڑ 20 لاکھ پر خرچ ہوتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گورنر کے پی شاہ فرمان کی سیکیورٹی پر 76 اہلکار تعینات ہیں اور ان کے ماہانہ اخراجات 26 لاکھ 60 ہزار روپے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صوبائی وزراء کی سیکیورٹی پر 364 اہلکار تعینات ہیں  اور ان کی سیکیورٹی پر ماہانہ ایک کروڑ 27 لاکھ 40 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں، صوبے میں ججز کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کی تعداد 1 ہزار 194 ہےاور ان ججز کی سیکیورٹی پر ماہانہ 4 کروڑ 17 لاکھ 90 ہزار روپے خرچ ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ حاضر سروس پولیس افسران کے کی سیکیورٹی کے فرائض 523 اہلکار سرانجام دے رہے ہیں۔