لاہور (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما علیم خان نے وفاقی وزرا ء اور اعلی قیادت پر واضح کر دیا ہے کہ حکومت کی جانب سے پرویز الہی بطور وزیراعلی قبول نہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر پی ٹی آئی کے ناراض رہنما علیم خان کی سیاسی ملاقتیں جاری ہیں
ذرائع نے بتایا کہ علیم خان گروپ بھی سیاسی صورتحال میں انتظار کرو کی پالیسی پرگامزن ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز الہی کے وزیراعلی پنجاب بننے کی صورت میں علیم خان بڑی رکاوٹ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق علیم خان نے اپنا پیغام وفاقی وزراء اور اعلی قیادت کو پہنچا دیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پرویز الہی بطوروزیراعلی قبول نہیں، پرویزالہی وزیراعلی بنے تو علیم خان سمیت ان کے راستے میں کافی رکاوٹیں ہوں گی۔
یاد رہے لندن واپسی پر وفاقی وزرا فواد چوہدری، پرویزخٹک اورعامر کیانی نے علیم خان سے رابطہ کیا تھا ، جس میں وفاقی وزراء نے علیم خان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
اس سے قبل لندن میں عبدالعلیم خان نے جہانگیر ترین اور نواز شریف سے ملاقاتیں کی تھیں ، جس میں سیاسی صورتحال پر سمیت وزیراعلی پنجاب کو تبدیل کرنے سے متعلق اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔نوازشریف سے ملاقات میں علیم خان نے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو بھی ن لیگ کے ٹکٹ دینے کا کہا تھا۔