کوئٹہ (صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری تعداد میں غیر ملکی ساختہ اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی جعفرآباد جواد طارق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر گاوں ضیادخان کھوسو میں کارروائی کرتے ہوئے زیر زمین چھپایا گیا بھاری تعداد میں غیر ملکی اسلحہ برآمد کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا ہے۔جواد طارق نے کہا کہ پولیس کی کارروائی کے دوران برآمد ہونے والے اسلحے میں 13 ہزار پانچ سو گولیاں، 9 غیرملکی رائفلیں، 120 میگزین، 60 عدد واکی ٹاکی، 8 ڈیٹونیٹرز ، رات کو دیکھنے والے آلات اور غیر ملکی فون شامل ہیں۔
ایس ایس پی جعفر آباد نے کہا کہ برآمد کیا گیا اسلحہ اور بارودی مواد جعفرآباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں کے لئے استعمال ہونا تھا، پولیس نے بروقت کارروائی کر کے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد ناکام بنادیئے ہیں۔جواد طارق نے کہا کہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیشی جاری ہے۔ دہشتگردوں کی شناخت گل ولد عیسی خان ، وحید مراد ولد علی دوست اور عبدالغفور ولد امید علی کے ناموں سے ہوئی ہے