کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی غفلت ،کوتاہی، مسائل حل کرنے سے روگردانی کی وجہ سے بلوچستان کے عوام پریشان ہیں ۔حکومت واپوزیشن اور بااختیار طبقات مسائل کے ذمہ دارہیں ۔غربت بے روزگاری سے نجات ،ترقی وخوشحالی کیلئے بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے اوردیانت دار لوگوں کو آگے لانے ہوں گے۔ بلوچستان کے سلگتے مسائل وعوام کی پریشانیوں پر حکومت واپوزیشن اوربااختیارطبقات کی مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے ۔اس حکومت میں بھی حکومت واپوزیشن عوام کے بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ منشیات کے خاتمے ،اسلامی حکومت کے قیام ،بدعنوانی بے روزگاری کے خاتمے کیلئے جماعت اسلامی حقوق کے حصول کی تحریکیں چلارہی ہے ملک بھر اور بلوچستان میں حقوق کے حصول ،حکمرانوں کی غفلت وکوتاہی ،مسائل کو حل کرنے کی راہ ہموار کرنے کیلئے عوامی احتجاجی دھرنے جاری ہیں ۔18مارچ کولورالائی میں دھرنا دیاجائیگا حکمرانوں نے بلوچستان کے نوجوانوں سمیت قوم کو مایوس اور مسائل ومشکلات کی طرف دھکیل دیا ہے۔الحمداللہ حق دو تحریک کی بدولت عوام میں شعور آگیا اور مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی شکل میں انہیں مسیحا مل گیا انشاء اللہ حق دو تحریک کے قائد مولاناہدایت الرحمان بلوچ اہل بلوچستان کو حقوق دلاکر مسائل وپریشانیوں میں کمی کریگا۔ نااہل کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے منی بجٹ کے ذریعے عوام پر بجلی گرائی گئی ہے۔ ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نکالنے کے لیے نوجوان متحد اور ملک میں غلامانہ و ظالمانہ نظام کی جگہ اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے میدان میں نکلیں۔ نوجوان نہ صرف ملک کا قیمتی سرمایہ بلکہ تبدیلی نوید ہیں۔ بلوچستان کے لوگ روزگار تعلیم و صحت کیساتھ ساتھ پینے کے پانی اور بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ ملک و قوم اس وقت ظالمانہ نظام اور جاگیردارانہ و سرمایہ دارنہ سوچ کے حامل لوگوں میں پھنسے ہوئے اس نے نجات اور ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہونے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑہ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ظلم و ناانصافی کے خلاف اور اپنے حقوق کے لیے نوجوانوں کو اٹھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ بڑے انقلاب و حقیقی تبدیلی کے لیے نوجوان جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر متحد ہوجائیں۔ اسلامی پاکستان و خوشحال پاکستان بننے سے ہی بلوچستان بھی خوشحال ہوگااسی جدوجہد میں بلوچستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔ مٹھی بھر جاگیردار و سرمایہ دار طبقے نے عوام کو یرغمال اور اپنا غلام بنا رکھا ہے۔ آپ ۖ کے علاوہ ہم کسی کے غلام نہیں یہ شعور عوام کے اندر بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ بلوچستان کے مظلوم عوام کے حقوقِ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے جماعت اسلامی کی تمام تر جدوجہد حق کے غلبے اور ظلم کے خاتمے کے لیے ہے