سوشل سائنس ریسرچرز کو تحقیق کے ساخت شدہ طریقہ کار سے نکل کر آزاد معیاری تحقیق کو ترجیح دینی چاہیے،وائس چانسلرخوشحال خان یونیورسٹی کرک


کرک(صباح نیوز)خوشحال خان یونیورسٹی کرک کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی نے کہا ہے کہ سوشل سائنس ریسرچرز کو تحقیق کے ساخت شدہ طریقہ کار سے نکل کر آزاد معیاری تحقیق کو ترجیح دینی چاہیے۔

وہ منگل کو یونیورسٹی میں ” تدریسی تحقیق میں جدید رحجانات ” کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔منگل کے روز کرک یونیورسٹی ماس کمیونیکیشن اینڈ میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد انور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، کانفرنس کا انعقاد شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس خوشحال خان یونیورسٹی کرک نے یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ لائبریری سائنس کے اشتراک سے کیا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ اس کانفرنس کی بدولت ریسرچ میں جدید رحجانات پر تفصیلی بحث کے مواقع میسر آئے ہیں اور اس سے سائنس دانوں کو تدریسی اداروں کو درپیش مسائل کا حل ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔ جب تک ہم انسانی نفسیات کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل نہیں کرتے اس وقت تک مئوثر ریسرچ ممکن نہیں ہے۔ ڈاکٹر جوہر علی نے بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ تحقیق کو کمرشلائز کیا جائے تاکہ اسکے فوائد عام آدمی تک پہنچ سکیں اور سائنسدانوں کو سماجی، سیاسی، اقتصادی اور اطلاعاتی حقیقتوں سے شناسائی ضروری ہے۔

انہوں نے اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد کیلئے شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس خوشحال خان یونیورسٹی کرک کے سربراہ ڈاکٹر سعید اللہ جان، یونیورسٹی آف پشاور کے لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس کے ڈاکٹر اسد خان سمیت تمام منتظمین کی کوششوں کو سراہا۔ اس سے قبل کرک یونیورسٹی کے شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس کے سربراہ ڈاکٹر سعیداللہ جان نے کانفرنس کے تمام شرکا، منتظمین اور کلیدی مقررین کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت سے یہ تیسری تحقیقی کانفرنس ممکن ہوسکی۔

اس موقع پر شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس کرک یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور کانفرنس کے سیکرٹری ڈاکٹر غالب خان نے بتایا کہ اس کانفرنس میں آٹھ بین الاقوامی کلیدی ریسرچرز اپنے مقالے پیش کریں گے اور اسکے ساتھ ساتھ ملکی سائنسدان بھی اپنے تحقیقی مقالے پیش کریں گے۔ اس کانفرنس کے منتظمین میں شعبہ لائبریری اینڈ انفارمیشن سائنس خوشحال خان یونیورسٹی کرک کے ڈاکٹر رحیم جان، اظہار محمد، محمد حسین، محمد شہاب اور دیگر شامل ہیں۔