وزیراعظم عمران خان کا خطاب اعتراف شکست ہے۔شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ واقعی آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے بلکہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے، آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے اتوارکے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت میں 100 فیصد، دوائی کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ، گھی 140 سے 440 روپے کلو آپ کر چکے ہیں ۔ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک آپ بناچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے ہیں۔ آپ قوم کا آٹا چینی کھاد چھننے آئے تھے، یہ کام آپ کامیابی سے انجام دے چکے ہیں ۔ اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ آپ کر چکے ہیں ۔عمران صاحب آپ کا کام پورا ہوگیا، اب گھر جائیں اور مہنگائی، بے روزگای اور معاشی تباہی کی ماری قوم کو سکھ کا سانس آنے دیں۔