حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، عمران خان


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے، حکومت مہنگائی کے منفی اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے جنھوں نے ان سے ملاقات کی ،وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب معاشی پالیسیوں کی بدولت ورثہ میں ملنے والی دیوالیہ معیشت کو استحکام ملا، جواب سسٹین ایبل گروتھ کی راہ پر گامزن ہے۔وزیر اعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ اپنا رابطہ مضبوط کریں تاکہ ان میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاری مختلف سرکاری اسکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کی جا سکے۔ان اسکیموں میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے تحت یونیورسل ہیلتھ کوریج، احساس کارڈ کے تحت راشن رعایت پروگرام سمیت بے شمار غریب پرور اقدامات، کسان کارڈ کے تحت فصلوں کے لیے قرضے اور سستے نرخوں پر معیاری بیج، کھاد اور کیڑے مار ادویات کی فراہمی، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگراموں کے تحت ہوم فنانسنگ، سستے کاروباری قرضے اور نوجوانوں کے لیے پیشہ وارانہ مہارتوں میں تربیت شامل ہیں۔

وزیراعظم نے انہیں لوگوں کو یہ حقیقت باور کرانیکی بھی ہدایت کی کہ حکومت ان کی پریشانیوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور بین الاقوامی منڈیوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہونے والے تاریخی اضافے کی وجہ سے درآمدی مہنگائی کے منفی اثرات سے انہیں بچانے کے لیے تمام ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ان عوام دوست اقدامات میں پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی کمی اور بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 5 روپے کی کمی شامل ہیں۔

علاوہ ازیں ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے روز گار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کیلیےآئی ٹی کمپنیز اور فری لانسرز کے لیے 100% ٹیکس چھوٹ، 100% غیر ملکی کرنسی رکھنے کی اجازت اور آئی ٹی اسٹارٹ اپس میں سرمایہ کاری کے لیے کیپیٹل گین ٹیکس سے 100% چھوٹ شامل ہیں۔اس کے علاوہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت اگلے 2 سالوں میں ماروباری قرضوں پر407 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔ احساس پروگرام کے تحت ماہانہ وظیفہ 12,000 روپے سے بڑھا کر 14,000 روپے کر دیا گیا ہے۔گریجویٹ انٹرن شپ وظیفہ 30,000 روپے ماہانہ کے ساتھ 26 لاکھ اسکالرشپس کے لیے 38 ارب مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ٹارگٹڈ سبسڈیز اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کے لیے سرمایہ کار دوست ماحول پیدا کر کے مہنگائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی بھرپورکوشش کر رہی ہے۔وزیراعظم نے انہیں پنجاب اور جیبر پختونخوا میں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیر اعظم عمران خان سے وزیربحری امورسید علی حیدر زیدی؛ پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، جکوال سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی اور خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان اسمبلی کی الگ الگ ملاقاتیں کیں،ان ملاقاتوںپشاور سے شوکت علی اور شیر علی ارباب،اسلام آباد سے راجہ خرم شہزاد نواز اور علی نواز اعوان،راولپنڈی اور چکوال سے راشد شفیق، منصور حیات خان اور ذوالفقار علی خان شریک ہوئے جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان قومی اسمبلی میںکنول شوزب، بیگم شاہین سیف اللہ طورو، نفیسہ عنایت اللہ خٹک اور نورین فاروق ابراہیم ملاقات میں شامل تھیں جبکہ سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری اشفاق، حاجی محمد یونس علی انصاری اور سی ای او چین ون میاں کاشف اشفاق نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی۔

دریں اثناوزیراعظم عمران خان سے سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ملاقات کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو ایوان بالا کی حمایت اور یکجہتی کا یقین دلایا، اور اعتماد کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کی وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو اسی طرح ناکام بنائے گی جیسے اس سے قبل کئی موقعوں پر اس نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کو شکست سے دوچار کیا ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کی زیادہ دلجمعی کے ساتھ خدمت کرنے کے لیے پی ٹی آئی حالیہ صورتحال سے مزید مضبوط ہو کر ابھرے گی۔