باشعور عورت ہی باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے،کلثوم رانجھا


لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے تحت لاہور میں خواتین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔خواتین کانفرنس کا سلوگن ”با شعور عورت۔ مستحکم خاندان”تھا۔

یہ پروگرام ویمن اینڈ فیملی کمیشن کی صدر ڈاکٹر رخسانہ جبین کی زیر صدارت ہوا۔ کانفرنس میں باشعور عورت،مستحکم خاندان، خدمات کی قوس قزح اور الخدمت اہلِ ذوق کی نظرمیں کے عنوانات کے تحت پینل ڈسکشنز، لیکچرزاوردرس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پرنائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے استحکام خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ باشعور مردو عورت مستحکم خاندان کی ضمانت ہے۔ مرد ااور عورت کا کردار آئندہ نسلوں کی فلاح کا ضامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کا ذمہ دار ہے۔عورت کومعاشرے میں باشعور اوربااختیار بنانے میں الخدمت وومن ونگ کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔

صدر الخدمت ویمن ونگ کلثوم رانجھا نے کہا کہ باشعور عورت باوقار معاشرہ تشکیل دے سکتی ہے۔ویمن ونگ کی خدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ پسماندہ طبقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے مسائل کے حل کے لیے الخدمت ویمن ونگ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے جس میں موثر افراد کے تعاون فوری صحت، خواتین، کے لیے جہیز پیکیج،ونٹر پیکیج،اجتماعی شادیوں اورگھرگھر ضروریات زندگی فراہم کرنا ہے۔

کانفرنس میں جنرل سیکرٹری ویمن ونگ سمیعہ سلمان، مصنفہ صائمہ اسما، ڈاکٹرنائلہ ثروت، پی ٹی وی پروڈیوسرہماصدف، بیرسٹر عنبرین قریشی،ڈاکٹر امت الزریں، زرافشاں فرحین، صبا ثاقب اور مختلف یونیورسٹیز کی طالبات، صحافیات اورمختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیاجبکہ میزبانی کے فرائض علینہ ارشد نے سرانجام دیئے۔ پروگرام کے اختتام پرعائشہ منور نے دعا کروائی۔