سراج الحق نے ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کااجلاس کل طلب کرلیا


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ملکی سیاسی صورتحال کے تناظر میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس عاملہ کااجلاس طلب کرلیا ہے۔سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصرشریف کے بیان کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس کل منصورہ میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امیر جماعت کی صدارت میں اجلاس کا آغاز سہ پہر تین بجے ہوگا جس میں جماعت اسلامی کی مہنگائی، بیروزگاری، سودی معیشت اور بدعنوانی کے خلاف ایک سو ایک دھرنوں کی تحریک اور دیگر امور پر حتمی مشاورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امیرجماعت اجلاس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

قیصر شریف کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آنے والے دنوں میں مزید تیزی لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اب تک شیخوپورہ، گجرانوالہ، سکھر، ٹنڈواللہ یار، سرگودھا سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کامیاب دھرنے دیے ہیں جن میں عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کرکے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سو دھرنوں کے بعد جماعت اسلامی فیصلہ کن اسلام آباد مارچ کرے گی۔