عمران خان اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک کے محرک خود ہی بنے ،لیاقت بلوچ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے خلاف عدم اعتماد تحریک کے محرک وہ خود ہی بنے ۔

اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی کے ناکام حکمرانوں اور فرسودہ نظامِ سیاست سے چھٹکارے کے لیے قوم اور اسٹیبلشمنٹ نے بڑی توقعات وابستہ کیں لیکن عمران خان نے بیک وقت پوری قوم میں اپنے حامیوں، پارٹی ارکان، حکومتی اتحادیوں، سرپرست اسٹیبلشمنٹ، اپوزیشن اور دوست ممالک کو مایوس کردیا اور چالاک، عیار امریکہ اور یورپ کو اپنی غلط حکمتِ عملی اور زبان درازی سے پاکستان کے لیے نقصان دہ بنالیا۔ یہ طرزِ حکمرانی پاکستان جیسے  بے شمار مسائل میں گِھرے ملک کو وارا نہیں کھاتی۔ تحریکِ عدم اعتماد کی کامیابی اور ناکامی کا نتیجہ نئے عام انتخابت ہی ہوں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ عمران خان سرکار کی ناکامی، نااہلی کے بڑے جرائم یہ ہیں کہ ریاست، مدینہ نظام دینے کی بجائے لادینیت، بے حیائی، بدتہذیبی کو عام اور قرآن و سنت سے متصادم قانون سازی مسلط کردی۔ قومی مطالبہ ”احتساب سب کا”ملیامیٹ کردیا، کرپٹ مافیا کو سرپرستی دے کر مزید طاقتور بنادیا، ملک میں کرپشن اور رشوت کی رفتار تیزتر کردی۔

حکومت نے ثابت کیا کہ یہ کھلنڈروں، بدتہذیب اور غیرذمہ دار افراد کا ٹولہ ہے۔ ناکامی اور تباہی کی ساری ٹیم ذمہ دار ہے۔ اقتصادی تباہی قومی سلامتی کے لیے خطرناک ہوگئی ۔ عام آدمی کے لیے مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، بجلی، تیل، گیس کی قیمتوں اور ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار، ادویات اور زرعی مداخل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ناقابلِ برداشت بنادیا ہے۔

خارجہ محاذ پر تنہائی، عدم حکمت اور غیرسفارتی اسلوبِ بیان ناکامی کا سبب ہے۔ قرضوں اور کشکول کی پالیسی نے ملک کی عزت گنوائی اور دوستوں کو ناراض کرلینا، ہر ظالم ملک کی طرفداری کرنا، کشمیر اور افغانستان کے محاذوں پر بزدلی اور کنارہ کشی ناقابلِ معافی جرم بن گئے ہیں۔ عمران خان نے ملک و ملت کے 1350 دن برباد کردیئے۔ بقیہ مدت اقتدار میں بھی ملک کو سدھارنا اب اِس نااہل کرپٹ ٹولے کے باس کا روگ نہیں۔