راولپنڈی(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان چوروں اور لٹیرو ں کو شکست دیںگے ۔عالمی یوم نسواں پر فاطمہ جناح یونیورسٹی راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رشید احمدنے کہا کہ خواتین کی تعلیم میں راولپنڈی پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے، 90 کی دہائی میں یہ یونیورسٹی آپ کے کارکن نے بنائی تھی، راولپنڈی میں موجود تمام ڈھوکیں غریبوں کی بستیاں تھیں، ہم نے راولپنڈی کے ہر ڈھوک میں تعلیمی ادارے بنا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ لال حویلی کو یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کرتا ہوں، فاطمہ جناح یونیورسٹی خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، راولپنڈی میں خواتین کیلئے کئی تعلیمی ادارے بنائے۔فاطمہ جناح یونیورسٹی کا خواتین کی تعلیم میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے وزیر اعظم کو عزت دی ہے اور عمران خان کو اللہ آگے بھی عزت دے گا، عمران خان لٹیروں اور منافقوں سے نہ گھبرائیں، وزیراعظم چوروں کو شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین ملک کی ترقی کے دشمن ہیں، انہیں ناکامی ہوگی۔