صدر کا مفلوج ملازم کو میڈیکل بنیادوں پر ریٹائر نہ کرنے پر پوسٹ آفس افسران کے خلاف انکوائری کا حکم


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو خصوصی میڈیکل بورڈ کی سفارشات نظر انداز کرنے، مفلوج ملازم کو میڈیکل بنیادوں پر ریٹائر نہ کرنے پر انکوائری کی ہدایت کر دی۔

صدر نے حکم دیا ہے کہ پاکستان پوسٹ اپنے افسران کے خلاف انکوائری کرے، 45 دن میں رپورٹ وفاقی محتسب کو جمع کرائے، ۔ ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان پوسٹ ایک مفلوج ملازم کی طبی حالت پر غور کرنے میں ناکام رہا، طبی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کے بجائے مفلوج ملازم کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ کا کہنا افسوسناک عمل ہے

صدر نے کہا کہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ محکمہ نے ہمدردی کا مظاہرہ کرنے کے بجائے اس معاملے میں ہٹ دھرمی اور مزاحمت کا مظاہرہ کیا،محکمہ اپنے ہی میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عمل کرنے میں ناکام رہا، پاکستان ایک ایسا ملک ہونا چاہیے جہاں ہمدردی اور قانون کی بالادستی ہو، قادر بخش بھٹی اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر، پنو عاقل کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، قادر بخش دوران سروس دو برین اسٹروک کی وجہ سے فالج کا شکار ہو گئے قادر بخش نے پاکستان پوسٹ سے میڈیکل بنیادوں پر ریٹائرمنٹ لینے کی درخواست کی تھی۔

خصوصی میڈیکل بورڈ کے تمام ممبران نے بھی متفقہ طور پر قادر بخش کو میڈیکل بنیادوں پر ریٹائرمنٹ دینے کی سفارش کی۔میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عمل کے بجائے، پاکستان پوسٹ نے قادر بخش کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا کہا۔انصاف کے حصول کے لیے قادر بخش کے بیٹے نے وفاقی محتسب سے رابطہ کیا۔

وفاقی محتسب نے ایجنسی سے اپنے میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر عمل درآمد کرنے کو کہا۔پاکستان پوسٹ آفس نے محتسب کے حکم کے خلاف صدر کے پاس ایک درخواست دائر کی۔ صدر نے بغیر کوئی وجہ بتائے اپنے ہی بورڈ کی سفارشات نظر انداز کرنے پر برہمی کا اظہار کیا،صدر مملکت کی جانب سے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کا عمل غیر منصفانہ، غیر معقول اور بد انتظامی قرار دیا گیا۔

صدر نے کہا کہ ایسے معاملات میں اصولوں پر عمل کے ساتھ ہمدردی برتنے سے بڑا فرق پڑ سکتا ہے، ملازم کی طبی حالت کو نظر انداز کرنا اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کو مسترد کرنا افسوسناک اور بدقسمتی ہے، صدر نے نمائندگی مسترد کرنے کے علاوہ، محکمے کو افسوسناک طرز عمل پر انکوائری کا حکم دیا۔محکمہ 45 دنوں کے اندر ذمے داروں کے خلاف کاروائی کرے، وفاقی محتسب کو مطلع کرے،صدر مملکت نے پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کی درخواست مسترد کر دی