لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا عوامی مارچ گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پیغام میں کہا کہ عوامی مارچ میں ہر گزرتے دن اور شہر کے بعد عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے، بلاول بھٹو اور پی پی پی نے ایک بار کی حقیقی عوامی جماعت ہونے کا ثبوت دیا ، پنجاب کے پرانے جیالے دوبارہ متحرک ہو گئے ہیں جبکہ نئی نسل پیپلز پارٹی کے آزاد خیال اور ترقی پسند سیاسی نظریے کی طرف مائل ہو رہی ہے جو ملکی سیاسی منظر نامے میں مثبت پیشرفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب لوگ کھوکھلے نعروں اور دعوؤں سے مایوس ہو چکے ہیں، لوگ حقیقی سیاسی تحریک کا حصہ بننا چاہتے ہیں، عوامی مارچ کے ذریعے قوم نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ پیش کر دیا، مارچ کے اسلام آباد پہنچنے سے پہلے ہی حکومتی حلقوں میں بے چینی بڑھ گئی ، عوامی مارچ کے بعد ہی وزیراعظم کو عوام اور اتحادی یاد آئے ہیں لیکن اب بہت دیر ہو چکی ہے۔