اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ گذشتہ روز پشاور کی مسجد میں ہونے والے خود کش دھماکے میں ملوث تینوں ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے اور خیبرپختونخوا کی پولیس اورتحقیقاتی ادارے ان کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں۔اپوزیشن عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے ، ملک سیلابوں اور زلزلوں اوربیماریوں سے تباہ وبرباد نہیں ہوتے بلکہ افواہوں ، تخریب اور انتشار کی باتوں سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ عمران خان پانچ سال پورے کریں گے اوراللہ تعالیٰ کے حکم سے یہ جو مرضی تحریک لے آئیں ، پہلے بھی ان کو اسمبلی میں شکست ہوئی ہے ، اب بھی شکست ہو گی اور پاکستان آگے بڑھنے کی طرف جارہا ہے۔ وزارت داخلہ میں نوازشریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی۔
ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ جمعہ کی نماز میں پشاور کی مسجد میں جو خونی واقعہ ہوا جس میں 57افراد شہید ہوئے اور100سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ان کے تینوں ملزموں شناخت ہو چکی ہے اور خیبرپختونخوا کی پولیس اورتحقیقاتی ادارے ان کی تہہ تک پہنچ چکے ہیں، اس سلسلہ میں کے پی پولیس، تحقیقاتی اورتفتیشی اداروں نے بڑا زبردست کام کیا ہے، آئندہ ایک دوروز تک ان ملزموں تک پولیس پہنچ جائے گی تاہم ان کی نشاندہی مکمل طور پر ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری جو بات پوچھی جارہی ہے کہ وزارت داخلہ میں نوازشریف کی طرف سے پاسپورٹ کی کوئی درخواست نہیں آئی۔ تیسری اہم بات میں کہنا چاہارہاہوں تحریک عدم اعتماد کا بڑاشور مچایا جارہا ہے ، اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست بھی ابھی موصول نہیں ہوئی۔ اجلاس کی ریکوزیشن کی درخواست کے موصول ہونے کے 14دن کے اندر ، اندر سپیکر نے اجلاس بلانا ہوتا ہے
شیخ رشید نے کہا کہ اجلاس کی ریکوزیشن اور عدم اعتماد کی تحریک دو مختلف چیزیں ہیں ، دونوں اکٹھی نہیں ہیں، اگر عدم اعتماد کی تحریک پر بھی دو، تین دن سپیکر کے پاس ہوتے ہیں ، پھر اس پر سات دن تقریریں اور پھر ووٹنگ ہوتی ہے،اپوزیشن عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے ، ملک سیلابوں اور زلزلوں اوربیماریوں سے تباہ وبرباد نہیں ہوتے بلکہ ملک افواہوں سے اورتخریب اور انتشار کی باتوں سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔ ابھی دلی دوراست اور کم وبیش یہ ایک مہینے کا پروسیجر ہے ، ایک مہینہ نہ سہی، 24یا26دن تو کہیں نہیں گئے۔