اپوزیشن ق لیگ کے کردار سے فائدہ اٹھائے،بلاول بھٹو زرداری


ساہیوال(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ق) کا بڑا اہم کردار ہے اور اس کا فائدہ اپوزیشن جماعتوں کو اٹھانا چاہئے۔

یہ بات انہوں نے ساہیوال میں لاہور روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ساہیوال پہنچنے پر لوگوں نے شاندار استقبال کیا تھا، عوام کو پیپلز پارٹی سے امیدیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام روٹی، کپڑا اور مکان کے نظریے کے ساتھ ہیں، عوام ہمارے قافلے کا حصہ بن رہے ہیں اور ہم آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔

پی پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہم نے اسلام آباد پہنچنا ہے، لوگ ہمارے قافلے کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد سے متعلق جتنے بھی لوگ ہم ساتھ رکھیں گے اتنا ہی فائدہ ہو گا۔

نجی ٹی وی سے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ  عوامی مارچ سے قبل اپوزیشن کوعدم اعتماد کے معاملہ پر اکٹھا کیا اور عوامی مارچ کے شروع ہوتے ہی عوام کے خوف سے حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں10روپے اور بجلی کی قیمت میں پانچ روپے فی یونٹ کمی کردی۔ ہمیں مزید کامیابیاں بھی ملیں گی۔ عوامی مارچ میں عوام کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی سے بہت سی امیدیں ہیں اور ہم عوام کی امیدوں پر پورااتریں گے، جیسے ماضی میں ان کے لئے کام کیا اسی طرح آگے جاکر بھی ان کے لئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے پہلے ہم نے کامیابی حاصل کی کہ ساری اپوزیشن عدم اعتماد کے معاملہ پر ایک پیج پر آئی۔