اسلا م آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے دو طرفہ ملاقات کی،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ دلچسپی کے وسیع تر امور اور اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا،دونوں صدور نے نوجوانوں کے درمیان تعاون بڑھانے ، سائنس اور ٹیکنالوجی کے روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا،
اس موقع پر صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان ازبکستان تعلقات باہمی احترام ، مشترکہ ثقافت اور روایات میں پیوستہ ہیں، صدر مملکت نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تبادلوں سمیت تمام شعبوں میں کثیر الجہتی تعاون فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ دونوں ممالک میں ترجیحی تجارتی معاہدے پر دستخط سے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کی نئی راہیں کھلیں گی،
صدر مملکت نے “وژن سنٹرل ایشیا” پالیسی کے فریم ورک کے تحت وسط ایشیا کے ساتھ روابط بڑھانے کی پاکستان کی کوششوں پر روشنی ڈالی،صدر مملکت نے پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے ازبکستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ علاقائی انضمام اور روابط کے امکانات کو اجاگر کیا،عارف علوی نے کہاکہ ٹرانس افغان ریلوے منصوبے سے زمینی رابطہ مزید مضبوط ہو گا، صدر مملکت نے سیاحت کے فروغ ، عوامی وفود کے تبادلوں کیلئے ہوائی رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا،
صدر مملکت نے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام زمینی رابطوں کے فوائد حاصل کرنے کے لیے ناگزیر ہے،پرامن افغانستان خطے اور اس سے باہر کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرے گا،صدر مملکت نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ کے اگلے اقدامات اور متعدد شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں/معاہدوں پر دستخط کو سراہا،دونوں رہنماؤں نے ہر سطح پر اقتصادی ترقی کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔