مسجد میں شوٹنگ: صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواست مسترد


لاہور(صباح نیوز) مقامی عدالت نے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے معاملے پر اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی بریت کی درخواست مستر د کردی،تفصیلات کے مطابق ضلع کچہری لاہور میں صباقمر اور بلال سعید کی مسجد وزیر خان میں شوٹنگ اور ویڈیو بنانے کے کیس میں دائر بریت کی درخواست پر سماعت ہو ئی،

لاہور کی جوڈیشل مجسٹریٹ ثروت بتول نے ملزمان کی مقدمے سے بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا،عدالت نے عبوری فیصلے میں ملزمان کی بریت کی درخواستیں مسترد کر دیں۔اداکارہ صبا قمر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وقوعہ کے 10 دن بعد مقدمہ درج کیا گیا، یہ مقدمہ22 اے22 بی کی درخواست پر درج کیا گیا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ محکمہ اوقاف کی انکوائری رپورٹ بھی ہمارے حق میں ہے، اوقاف کے ریجنل مینجر اخلاق احمد کی رپورٹ کے مطابق دوران شوٹنگ نہ غیر اخلاقی لباس پہنا گیا اور نہ ہی کوئی غیر اخلاقی حرکت ہوئی۔سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا گیا کہ ہمارے پاس تمام ثبوت یو ایس بی میں موجود ہیں، یو ایس بی میں ان کے ڈانس کی فوٹیج موجود ہے، مسجد مسلمانوں کے عبادت کی جگہ ہے ڈانس کرنے کی جگہ نہیں ہے۔

اداکاروں نے مسجد کا تقدس پامال کرکے مسلمانوں کے جذبات جروح کیے، دلائل سننے کے بعد ملزمان کی بریت کی درخواست مسترد کردی گئی،عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے ہر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔