حکومت نے عوامی مارچ کے دباؤ میں آ کر قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں 12 روپے اضافہ کر کے 10 روپے کم کر کے خوشخبری سنائی گئی ۔

اپنے جاری کردہ بیان میں نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ 16 فروری سے 28 فروری کے بیچ ایسا کیا ہوا جو حکومت کو پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرنی پڑیں؟۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ کے دباؤ میں آکر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا ہے، تعجب کی بات ہے حکومت اس کو ریلیف کا نام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے اس نام نہاد ریلیف کو مسترد کر دیا ، ہوشربا مہنگائی اور بیروزگاری میں یہ بہت ہی معمولی ریلیف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3سال میں جو مہنگائی بڑھی ہے اور اشیا ضرور یہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس میں کمی کب ہوگی؟ اس نام نہاد ریلیف کے پیسے عوام سے ہی لوٹے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے پوچھ گچھ نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ سلیکٹڈ احتساب صرف مخالفین کے لئے ہے۔