اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ٹیکس کلچر کو عام کرنے اور اسے آسان بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی اور ٹیکس کی ادائیگی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اہم دستاویزات کو محفوظ اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایوان صدر میں وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار اور کارکردگی کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ایف بی آر، وفاقی ٹیکس محتسب آفس اور دیگر اداروں کے افسران اورمختلف تجارتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ ٹیکس گزاروں کی سہولت، مسائل کے حل کیلئے بہترین کردار ادا کررہا ہے، وفاقی ٹیکس محتسب نے شکایت کنندگان کو گزشتہ سال 8.5 ارب روپے کی ریلیف فراہم کی، وفاقی محتسب کا ادارہ کاروباری برادری کیلئے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ، سرکاری امور کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر سے ٹیکس گزاروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عوام ٹیکس حکام کی ناانصافی و بدانتظامی کے خلاف انصاف کیلئے ٹیکس محتسب سے رجوع کریں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے کرپشن میں کمی لائی جاسکتی ہے، بلاک چین ٹیکنالوجی کی مدد سے فنڈز کی چوری ، کرپشن اور رشوت ستانی کو کم کیا جاسکتا ہے، جدید آئی ٹی لوازمات کی مدد کی سے ٹیکس گزاروں کو جلد ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے بروقت حل کیلئے حکومتی اداروں اور عوام کے درمیان بہتر روابط کی ضرورت ہے ، ٹیکس اداروں ، وفاقی محتسب کے درمیان خوشگوار تعلقات ٹیکس گزاروں کیلئے سودمند ثابت ہوں گے۔ صدر نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی خدمات اور کارکردگی کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے، ٹیکس گزاروں کو انصاف کی فراہمی کیلئے ٹیکس محتسب کا دائرہ کار کو ملک بھر میں توسیع دینا ہوگی۔
صدر مملکت نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے جلد حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں، جدید ٹیکنالوجی سے اہم دستاویزات کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے، ٹیکنالوجی سے بہت سے جرائم کی تفتیش میں مدد مل جاتی ہے۔صدر نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کو اپنا کر بدعنوانی کو ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ بہت سے جرائم کی تفتیش میں ٹیکنالوجی سے مدد ملتی ہے، جلدی کے فیصلوں سے انصاف کا اصول متاثر ہوتا ہے جبکہ غیر ضروری تاخیر بھی بعض اوقات کرپشن کے زمرے میں آتی ہے۔
ڈاکٹر عارف علو ی نے کہا کہ ملک میں 25، 30 لاکھ ٹیکس فائلرز ہیں جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عوامی آگاہی کیلئے کوشش کر رہی ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے بھی آگاہی سیمینار سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس محتسب ٹیکس حکام کی ناانصافی اور بد انتظامیوں کے خلاف عوام کو ریلیف فراہم کر رہاہے، عوام کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جارہا ہے جبکہ گزشتہ 5 برسوں میں ٹیکس محتسب نے 27 ارب روپے ریفنڈ کرائے ہیں۔ صدر مملکت نے سیمینار میں وفاقی ٹیکس محتسب ویب پورٹل کا بھی افتتاح کیا۔