اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لئے جنگی جرائم میں ملوث ہے ،عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے ،وہ ورلڈ کشمیر فریڈم موومنٹ کے ڈائریکٹر مزمل احمد ٹھاکر اوراورمعروف کشمیری ایکٹوسٹ شائستہ صفی سے گفتگو کررہے تھے
جنھوں نے ان سے ملاقات کی ،ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، مزمل احمد ٹھاکر اوراور شائستہ صفی نے ورلڈ کشمیرفریڈم موومنٹ کی کشمیر کے بارے میں سرگرمیوں سے آگاہ کیا،
اس موقع پر سینیٹر مشتاق احمد خان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش ظاہر کی اور بھارت کشمیرمیں ایک منظم منصوبے کے تحت مسلمانوں کی اکثریت کو تبدیل کرنے کیلئے کشمیریوں کی نسل کشی کررہا ہے، فیک انکاونٹرزسے بڑے پیمانے پر کشمیری نوجوانوں کاقتل عام کررہاہے۔ اس سلسلے میںانسانی حقوق کی اقوام متحدہ اورعالمی تنظیموں جنیوسائڈداچ ،ہیومن رائٹس واچ سمیت دیگر عالمی اداروں کی رپورٹس واضح ثبوت ہیں ،انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کی موجودہ صورتحال کو انتہائی نازک قرار د یتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ماورائے عدالت قتل، بلاجواز نظربندیاں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ روز کا معمول بن چکا ہے۔
انہوں نے مقبوضہ علاقے میں فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائیوں میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے لوگوں کو 10 لاکھ سے زائد قابض فوجیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق اپنی اہمیت کھو چکے ہیں اور قانون کی حکمرانی کہیں نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں نے دی ہے
انہو ں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل انتہائی ناگزیر ہے،انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں کسی بھی موقع پر تنہا نہیں چھوڑے گی، انہوں نے حکومت پاکستان پرزور دیا کہ وہ کشمیر بارے اپنی پالیسی واضح کرے اور ایک فریق کی حیثیت سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔