اسلام آباد(صباح نیوز) وزیرا عظم عمران خان رواں ہفتے روس کا دورہ کریں گے جسے اسلام آباد اور ماسکو کے مابین نئے سفارتی تعلقات کی نوید سمجھا جارہا ہے۔
وزارت اعظمی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان 23 فروری کو دو روزہ دورہ پر روس جائیں گے جہاں وہ روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔اس حوالے سے کہا گیا کہ سرکاری دورے کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے کئی معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع ہیں۔
خیال رہے کہ طویل عرصہ بعد پاکستان کے کسی حکومتی سربراہ کے دورہ روس پر دنیا بھر کی توجہ مرکوز ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، حماد اظہراورفواد چوہدری کے علاوہ قومی سلامتی مشیر معیدد یوسف ہوں گے۔
وزارت خارجہ نے دورے کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان گیس پائپ لائن اور توانائی کے منصوبوں پر مذاکرات ہوں گے اور معاشی تجارتی اور سرمایا کاری کے منصوبوں کاجائزہ لینے کے لیے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بھی ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان اور روسی صدرولادی میر پوٹن کے درمیان ون آن ون ملاقات 24 فروری کو ہو گی جس میں دو طرفہ امور خطے اور خصوصا افغانستان کی صورتحال پر غور ہوگا، ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح کے مذاکرات ہوں گے