تحریک عدم اعتماد لا نے والوں پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے، فواد چوہدری


پنڈدادنخان(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جو لوگ عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر گھر والے بھی اعتماد نہیں کرتے،اپوزیشن اپنے پائوں پرچل نہیں سکتی،لانگ مارچ کیاکرے گی۔

آج پنڈدادنخان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف نے آج عدالت میں کہا جو کاپیاں دیں وہ پڑھی نہیں جاتیں، سیاہی ٹھیک نہیں، چارج فریم پڑھا نہیں جارہا، شہبازشریف کو کاپیاں پڑھنے کے لیے بھی استاد کی ضرورت پڑی، اس طرح کے حربے اختیار کرکے یہ احتساب کے عمل سے بچ نہیں سکیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن والے عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں اور خود اپنے پاں پر کھڑے نہیں ہوسکتے، مارچ والوں سے مارچ کیا واک بھی نہیں ہونی، پیپلزپارٹی لبرل اور جے یو آئی مذہبی جماعت ہے مگر کس لیے ساتھ ہوئے، مولانا سمجھتے ہیں کہ مدرسے کے بچے لانگ مارچ کامیاب کرائیں گے اور بچے اکٹھے کرکے یہ لوگ حکومت بدل دیں گے، حکومت ایسے نہیں بدلتی، نظریہ دینا پڑتا ہے، محنت کرنا پڑتی ہے، یہ کہتے ہیں عدم اعتماد تحریک لائیں گے، ان پر تو اپنے گھر والے اعتماد نہیں کرتے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف قرضہ نہ لیتے تو آج ادائیگی کے لیے مزید نہ لینے پڑتے، نوازشریف لندن جانے کے لیے جھوٹ بول کرگئے، مریم صفدر بھی عدالتوں کے سامنے جھوٹ بول رہی ہوتی ہیں، عوام کے پیسے چوری کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ یہ پہلے عوام کا پیسہ لائیں اور پھر سیاست کریں، یہ لوگ عوام کے مجرم ہیں، بلاول بھٹو کی سیاست ختم ہورہی ہے، بلاول بھٹو اور مریم صفدر صرف میئر کا انتخاب لڑ کر دکھادیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم چاروں صوبوں میں بڑے جلسے کریں گے اور عوام سے براہ راست مخاطب ہوں گے ۔