،مشعال ملک کی والدہ ریحانہ حسین ملک کا اسلام آباد میں انتقال ،سلطان محمود چوہدری، انوار الحق ،غلام محمد صفی کا اظہار افسوس

اسلام آباد۔ نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قید جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی والدہ ریحانہ حسین ملک کا اسلام آباد میں انتقال ہو گیا ہے ۔جمعرات کو اسلام آباد کے ایچ 11 قبرستان میں ریحانہ حسین ملک کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ انہیں ایچ 11 قبرستان میں سپردخاک کر دیا گیا ۔ نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔ آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعظم انوار الحق نے ریحانہ حسین ملک کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حریت رہنما یاسین ملک کی خوش دامن اور مشعال حسین ملک کی والدہ محترمہ ریحانہ حسین ملک کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ تعالی حریت رہنما یاسین ملک کی خوش دامن اور مشعال حسین ملک کی والدہ محترمہ ریحانہ حسین ملک(مرحومہ) کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور جملہ لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور جملہ حریت قیادت نے یسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کی والدہ کے انتقال پر انتہائی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ موت ایک اٹل حقیقت ہے جس کا سامنا ہر زی روح کو کرنا ہے اور قرآن مقدس میں بار بار اس حقیقت کو بیان کیا گیا ہے تاکہ انسان اپنی زندگی کو اس کی روشنی میں گزارے ۔یہ قدرت ایک ایسا قانون ہے جس سے کوئی مخلوق مستثنی نہیں انسان کی زندگی عارضی ہے اور موت اسکی اصل منزل ہے۔انہوں نے مذید کہا کہ مشعال ملک کی والدہ محترمہ کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ یہ ایک بڑا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ مرحومہ ایک عظیم شخصیت تھیں مرحومہ ریحان ملک صاحبہ ایک انتہائی دلیر، باہمت اور نیک دل خاتون تھی۔اور تحریک آزادی کشمیر میں اس کے خاندان کی بہت قربانیاں ہیں۔جن کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ حریت قائدین نے کہا کہ اس عظیم غم میں ہم سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہیں کہ وہ مرحومہ کے تمام سیات سے درگزر اور حسنات کو قبول فرما کر ان کے درجات بلند کرکے انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا کرے اور لواحقین کو صبر وجمیل عطا کرے۔