پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں جوائنٹ ملٹری ٹریننگ ون کی حلف برداری تقریب

ایبٹ آباد (صباح نیوز)پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں جوائنٹ ملٹری ٹریننگ ون کی حلف برداری کی پروقار تقریب میں تینوں مسلح افواج کے نئے کیڈٹس نے شرکت کی اور اپنے عہد کی تجدید کی۔حلف برداری کی تقریب میں 154ویں لانگ کورس، 37ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 70ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 25ویں لیڈی کیڈٹ کورس کے کیڈٹس نے شرکت کی۔پہلے جوائنٹ ملٹری ٹریننگ کورس میں پاک فوج کے 485، پاک بحریہ کے 111 اورپاک فضائیہ کے 42 کیڈٹس شامل ہیں۔

یہ کیڈٹس پاکستان ملٹری اکیڈمی میں مشترکہ تربیتی ماڈیولز اور مشقوں میں حصہ لیں گے۔تقریب کے دوران کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے کیڈٹس سے خطاب کیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی میں بحریہ اور فضائیہ کے کیڈٹس کی شمولیت سے قیادت، عسکری حکمت عملی اور مشترکہ آپریشنز کے لئے ایک جامع اور کثیر خدماتی نقطہ نظر کو فروغ ملے گا۔