مذاکرات کو مذاق کی رات نہ بنایا جائے، شیخ رشید


راولپنڈی(صباح نیوز) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں،مذاکرات کو مذاق کی رات نہ بنایا جائے ۔اے ٹی سی راولپنڈی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مذاکرات سے قوم میں ایک نئی روشنی پیدا ہوگی،

مذاکرات کو مذاق کی رات نہ بنایا جائے، جیلیں آباد اور غریب لوگ برباد ہو رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ مذاکرات سے جیلوں کے دروازے کھلیں اور جوڈیشل کمیشن بنے۔انہوں نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں سیاسی قیدیوں کو معافی دی جائے، حکومتیں معافی دیتی ہیں، حکومت اس وقت عالمی دبا ئوکا شکار ہے یہ نہ ہو معیشت مزید بیٹھ جائے، حکومت کے ساتھ عوام نہیں، ائندہ ہفتوں میں اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھ پر اتنے کیسز بنا دیئے گئے کہ زندگی سے اکتاہٹ پیدا ہو چکی ہے۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سٹاک ایکسچینج کے بجائے کسی ریڑھی والے سے حالات پوچھیں، سٹاک ایکسچینج سیاست کی ایکسچینج ہے، ہماری انٹرنیشنل سطح پر فضا خراب ہو رہی ہے، حق میں کوئی گواہی نہیں دے رہا۔