کمال عدوان اسپتال اس وقت شدید بمباری کی زد میں ہے، فلسطینی وزارت صحت

غزہ (صباح نیوز)فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ کمال عدوان اسپتال اس وقت شدید بمباری کی زد میں ہے۔ یہ حملے کسی پیشگی اطلاع کے بغیر بموں اور ٹینکوں کی گولہ باری کے ذریعے کیے جا رہے ہیں، جب کہ عملہ اور مریض اسپتال کے اندر موجود ہیں۔ہم اس غیر انسانی اور ظالمانہ کارروائی پر عالمی برادری کو ذمہ دار ٹھہراتے ہیں اور ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی اخلاقی اور انسانی ذمہ داریاں پوری کریں۔

صحت کے نظام پر اس قسم کے حملے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی صریح خلاف ورزی ہیں۔یہ ناقابل برداشت ہے کہ دنیا تماشائی بنی رہے، جبکہ اسپتالوں جیسے محفوظ مقامات کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فلسطینی عوام اور صحت کے نظام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔