الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کرسمس کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا مظاہرہ

لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے پا کستان کے مختلف علاقوں میں 3ہزارمسیحی خاندانوں کو ان کے تہوارکرسمس پرتحائف اورپیکج فراہم کئے۔ ٹاؤن شپ لاہورمیں منعقدہ تقریب میں400مستحق مسیحی خاندانوں کوتحائف اورفوڈ پیکج فراہم کیاگیا۔

اس موقع پرمرکزی نائب صدورسید احسان اللہ وقاص،ذکراللہ مجاہد ،صدر الخدمت لاہور انجینئر احمد حماد،مسیحی رہنماء بشپ ایم ایم وقاص، صدر اقلیتی ونگ ڈاکٹر شمشاد خان سمیت مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔سید احسان اللہ وقاص نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک میں مذہبی آہنگی اور قومی یکجہتی پیدا کرنے کا عزم رکھتی ہے اور اس کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔

مسلم کمیونٹی کے علاوہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مستحق پاکستانی خاندانوں کوان کی خوشیوں اورتہوارکے موقع پرتحائف اورفوڈپیکج سمیت دیگرامدادی سامان فراہم کیاجاتاہے۔ رمضان المبارک، عیدین کے موقع پر مسلم کمیونٹی جبکہ دیوالی پرہندو  برادری اور کرسمس پرمسیحی برادری کوراشن اورتحائف فراہم کئے جاتے ہیں۔  ہماری ان کوششوں کامقصدمحروم طبقات کی مدداور دکھی انسانیت کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرناہے ۔

ذکراللہ مجاہد نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ہمارا مذہب اسلام بھی کمزورطبقات کومذہب،رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر امداد فراہم کرنے کا حکم دیتاہے اور یہ ہمارامعاشرتی اوراخلاقی فرض بھی ہے،تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے پاکستانی مساوی حقوق رکھتے ہیں ۔

تقریب میں شریک مسیحی رہنماء  بشپ ایم ایم وقاص نے اپنے جذبات کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ ہم الخدمت فاؤنڈیشن کاشکریہ ادا کرتے ہیں جس نے مسیحی کمیونٹی کے سینکڑوں خاندانوں کوخوشیوں کے موقع پرتحائف اورفوڈپیکج فراہم کئے۔الخدمت کی یہ محبت بھری مدد ہمیں یہ احساس دلاتی ہے کہ ہم اکیلے نہیں ہیں بلکہ ہمارا معاشرہ ہماری فکر کرتا ہے۔