اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے نیا ای سی آئی بی نظام متعارف کروادیا

کراچی ( صباح نیوز) اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے نیا ای سی آئی بی نظام (V2) متعارف کرا دیا گیاجو الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو (ای سی آئی بی) کا ایک جدید ورژن ہے۔ نیا نظام یکم جنوری 2025 سے آپریشنل ہو جائے گا اور ای سی آئی بی کے موجودہ نظام کی جگہ لے گا۔ اسٹیٹ بنک کے ترجمان کے مطابق یہ سسٹم بہترین عالمی روایات کے مطابق ٹیکنالوجی کی ترقی اور رپورٹنگ کے معیارات سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت کریڈٹ انفارمیشن رپورٹ میں کچھ اضافے اور ترامیم بھی متعارف کرائی گئی ہیں جن کا مقصد اسے مزید جامع بنانا ہے۔نیا ای سی آئی بی نظام (V2) متعارف کروانے سے پاکستان کے مالی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے اسٹیٹ بینک کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ اقدام پاکستان کے مالی انفراسٹرکچر کو جدید بنانے اور معاشی نمو کو فروغ دینے کے متعلق اسٹیٹ بینک کے وسیع تر وژن کا عکاس ہے۔