اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سیکرٹری اطلاعات، وزیراعظم کے سابق پریس سیکریٹری، ہائوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے سابق چیئرمین و متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین محمد صدیق الفاروق طویل علالت کے بعد وفات پا گئے ہیں۔
وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔ نماز جنازہ پیر 16 دسمبر کو صبح 11 بجے ایچ الیون(H-11)، اسلام آباد کے قبرستان میں ہو گی۔صدیق الفاروق نے 3 سال جیل بھی کاٹی اور وہ ایک کتاب کے بھی مصنف تھے۔ وہ طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے۔ اور وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف ،وزیراعظم محمد شہباز شریف،وزیراعلی پنجاب مریم نواز، وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ،سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے محمد صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار، اہل خانہ سے تعزیت کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے مسلم لیگ ن کے سابق سیکرٹری اطلاعات صدیق الفاروق کی وفات پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے اتوار کو اپنے تعزیتی بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ صدیق الفاروق پختہ نظریات اور وفا کا پیکر تھے۔
انہوں نے مشکل ترین حالات میں آمریت کا مثالی بہادری اور جرات سے مقابلہ کیا۔ قید و بند کی صعوبتیں جھیلیں لیکن محمد نواز شریف کے خلاف سلطانی گواہ بننے اور ان کا ساتھ چھوڑنے سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ بنیادی طور ایک قلم کار مجاہد تھے اور عمر بھر ان کا یہی اوڑھنا بچھونا رہا۔ وہ سادگی، شرافت اور دیانت کی علامت تھے۔ بڑے بڑے عہدوں پر رہنے کے باوجود ان کی منکسرالمزاجی اور سادہ زندگی میں کوئی تبدیلی نہ آئی۔
ان کی وفات صحافت، سیاست اور شرافت کا بڑا نقصان ہے۔ جمہوریت اور مسلم لیگ (ن)کے لیے ان کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ وفات سے چند روز قبل میں ملنے گئے تب بھی ان کی زبان پر پاکستان کے لئے فکر مندی، نواز شریف سے محبت اور مسلم لیگ ن کے لیے درمندی تھی۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی جانب سے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے ،سپیکر نے مرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کی۔تفصیلات کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی جانب سے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اورمرحوم کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے صدیق الفارق کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ صدیق الفاروق نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ہمراہ پریس سیکرٹری کی خدمات سرانجام دیں، صدیق الفاروق نے بحیثیت چیئرمین متروکہ وقف املاک گراں قدر خدمات انجام دیں، مرحوم صدیق الفاروق نے جنرل مشرف کی آمریت کے دور میں جمہوریت کا علم بلند رکھا، صدیق الفاروق کے انتقال سے ملک ایک زیرک اور مخلص سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا،صدیق الفارق کی صحافتی و سیاسی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا،اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبر و جمیل دے اور مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے صدیق الفاروق کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اورکہا کہ صدیق الفاروق کی رحلت کی خبر چین میں ملی۔ ان سے کچھ عرصہ پہلے عیادت کے لئے انکے گھر پہ ملاقات ہوئی تھی۔ انکا شمارمسلم لیگ (ن) کے مخلص ترین کارکنوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے مشرف دور میں سختیاں جھیلیں مگر اپنی وفاداری پہ حرف نہ آنے دیا۔ انکا قلم مسلم لیگ ن کے لئے وقف تھا، ایسے مخلص اور بے لوث کارکن کسی بھی جماعت کے لئے نہایت قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں۔اللہ تعالیٰ انکے درجات بلند فرمائے اور انکے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے آمین!۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مرحوم صدیق الفارق کے اہل خانہ کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینٹ نے مزید کہا کہ جمہوریت کیلئے صدیق الفاروق کی قربانیاں اور خدمات ناقابل فراموش ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے